Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

'مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے'

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران اربن فلڈنگ ...
اپ ڈیٹ 22 جون 2020 04:19pm

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ کراچی گوجرانوالہ، راولپنڈی، حیدر آباد اور لاہور میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اجلاس سے خطاب میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا اور ٹڈی دل کی صورتحال میں آنے والا مون سون سیزن ایک مربوط حکمت علی کا تقاضا کر رہا ہے، اس سلسلے میں ہمیں روایتی تیاری کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں سیلاب آنے کے خدشہ کے پیش نظر مقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پری مون سون تیاری سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

NDMA chief expresses hope to overcome earthquake crisis soon ...فائل فوٹو

 

انہوں نے کہا کہ ہر سال مون سون کی بارشوں سے سیلاب کا خطرہ رہتا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر آؤٹ برسٹ سے بھی نقصانات ہوتے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ اربن فلڈنگ کے امکانات بھی اس سیزن میں زیادہ ہیں، بڑے شہروں میں سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ پیشگی اطلاعات کیلئے اَرلی وارننگ کے انتظامات سمیت مقامی اداروں کی سطح پر تیاری کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے نیشنل کانٹیجنسی پلان بنایا ہے، اس حوالہ سے تمام شراکت داروں سے مشاورت کی گئی ہے، میں پر اعتماد ہوں کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز مکمل تیار رہیں گی۔

جنرل محمد افضل نے کہا کہ تمام بڑے شہروں کو اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، اس سلسلہ میں کراچی کے حکام سے درخواست ہے کہ وہ برساتی اور دیگر نالوں کی صفائی یقینی بنائیں۔ اسی طرح گوجرانوالہ، راولپنڈی، حیدر آباد اور لاہور جیسے شہروں میں بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کیلئے پیشگی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔